کائنات کے سب سے بڑے بلیک ہولز کے پراسرار وجود اور ارتقا کی دلچسپ کہانی
اربوں سالوں سے کہکشاں ’یو جی سی 11700‘ کے پھول کی پنکھڑیوں جیسے بازو خلا میں ایسے ہی گھومتے رہے ہیں، اس بات سے قطع نظر کہ اس دوران کتنے ہی قدرتی ٹاکروں اور ملاپ کے باعث دوسری کہکشاؤں کی وضع قطع ہی تبدیل ہو چکی ہے۔ ویسے تو کہکشاں ’یو جی سی 11700‘ کی پن چکی نما شکل خاصی خوش نما دکھائی دیتی ہے لیکن اس کے وسط میں ایک دیوہیکل چیز بسی ہے۔ اس خوبصورت کہکشاں کے وسط میں اس کائنات کی سب سے پراسرار چیزوں میں سے ایک، ایک دیوہیکل بلیک ہول موجود ہے۔ عمومی طور پر بلیک ہولز سورج سے چار گنا بڑے ہوتے ہیں تاہم ان کے دیوہیکل رشتہ دار کروڑوں اور کئی اربوں گنا بڑے ہو سکتے ہیں سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ تقریباً ہر بڑی کہکشاں کے وسط میں ایک دیو ہیکل بلیک ہول موجود ہے۔ تاہم کسی کو تاحال یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ وہاں کیسے پہنچے۔ اس بات کا پتہ چلانے کے لیے کہکشاں یو جی سی 11700 مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یونیورسٹی آف آکسفورڈ میں دیوہیکل بلیک ہولز پر کام کرنے والی جونیئر محقق بیکی سمتھہرسٹ کا کہنا ہے کہ ’میں جن آئیڈیل کہکشاؤں پر کام کر رہی ہوں ان کی بہترین بل کھاتی وضع انھیں انتہائی خوبصورت بنا دیتی ہے۔ لیک...